کراچی: قائم مقام گورنر سندھ و اسپیکر صوبائی اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کے پولیٹیکل یونٹ کے چیف مسٹر جیرڈ ہینسن اور پولیٹیکل اسپیشلسٹ محمد صالح شاہ نے سندھ اسمبلی میں ملاقات کی۔
ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں معرکہ حق تیسری پولیس ایکسٹریم ہینڈگن چیمپئن شپ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب
ملاقات کے موقع پر سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن بھی موجود تھے۔
مسٹر ہینسن نے نو تعینات قونصل جنرل کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور سندھ اسمبلی سے تعلقات مزید مضبوط کرنے اور اجلاس کی کارروائی میں شرکت کی خواہش ظاہر کی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے امریکی مشن کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اسمبلی اپنے دوسرے پارلیمانی سال میں 100 اجلاس مکمل کرنے کے قریب ہے۔
ملاقات میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال ہوا، جن میں قیادت اور ایکسچینج پروگرامز، نوجوان اراکین اسمبلی کے لیے تربیتی مواقع اور اسمبلی سیکریٹریٹ کی استعداد بڑھانے کے اقدامات شامل تھے۔ سید اویس قادر شاہ نے بجٹ سے قبل و بعد کی تیاریوں، جمہوری تعلیمی پروگرامز اور پارلیمانی عملے کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
مسٹر ہینسن نے پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال اور متاثرہ آبادی کے لیے امریکی مشن کی معاونت پر بات کی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی رہنمائی میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مؤثر اقدامات کو سراہا۔
مزید گفتگو میں عالمی ٹیرف مسائل اور امریکی انتظامی و سوشل سیکیورٹی نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب نے پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ قائم مقام گورنر و اسپیکر سندھ اسمبلی نے معزز مہمانوں کو سندھ کی روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔

