لاڑکانہ (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل لاڑکانہ نے شکارپور بائی پاس پر واقع سچل فیول اسٹیشن پر بجلی چوری کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سات ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران فیول اسٹیشن پر میٹر بائی پاس کر کے براہ راست مین سپلائی لائن سے 6.68 کلو واٹ لوڈ پر بجلی چوری کی جا رہی تھی، جس سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی کنکشنز منقطع کر کے تمام شواہد قبضے میں لے لیے گئے۔ مقدمے میں فیول اسٹیشن مالکان محمد صالح شیخ اور دادا ریوا چند، اسٹیشن منیجرز رشید سومرو اور عبدالوھاب منگی کو نامزد کیا گیا ہے۔
مزید برآں سیپکو کے اہلکار ایس ڈی او محمد عمر، لائن سپریٹنڈنٹ انیس احمد انڑ اور لائن مین عابد علی سومرو کو بھی مقدمے میں شریک کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف بدعنوانی ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔