اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے افغانستان سے پاکستان آنے والی افغان کارگو گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
کراچی پولیس کی انسدادِ جرائم کارروائیاں، ایک ہفتے میں 566 سے زائد ملزمان گرفتار
تفصیلات کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر طورخم بارڈر سے داخل ہونے والے شہد کی مکھیوں سے بھرے ٹرک کو پشاور منتقل کرکے مکمل تلاشی لی گئی۔ دورانِ کارروائی ٹرک کے پچھلے ایکسل شافٹ باکس میں بنائے گئے خفیہ خانہ سے 17.5 کلوگرام ہیروئن اور 4.5 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 24 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے۔
گاڑی کے ڈرائیور مومند اکرام، ساکن ننگرہار افغانستان کو موقع پر گرفتار کر کے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ منشیات جلال آباد سے لائی گئی تھیں اور بین الاقوامی نیٹ ورک سے تعلق رکھتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ کامیابی انٹیلی جنس معلومات، جدید ٹیکنالوجی اور اہلکاروں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ اے این ایف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی صورت منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

