کراچی (کرائم رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایات پر اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور سی آئی اے نے آن لائن منشیات فروشی کے نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
شکارپور بائی پاس پر فیول اسٹیشن پر بجلی چوری، سیپکو اہلکاروں سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج
ایس ایس پی ایس آئی یو عارف اسلم راؤ کے مطابق گرفتار ملزمان میں امجد، اسد، میر افغان، شاہ رخ، واسع، محبوب اور دو خواتین لالی اور مہرالنساء شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران 26 کلو سے زائد منشیات برآمد کی گئی جن میں ہیروئین، چرس اور کوکین شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان حب اور وندر سے منشیات خرید کر کراچی لاتے تھے اور شہر بھر میں آن لائن سپلائی کرتے تھے۔ منشیات زیادہ تر پوش علاقوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کو فراہم کی جاتی تھی۔
کارروائیاں ثمن آباد، شاہراہ نور جہاں اور سائٹ اے کے علاقوں میں کی گئیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

