بنوں (نمائندہ خصوصی): خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل تختی خیل میں ایف سی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کے حملے میں ایک اہلکار مینا خان شہید جبکہ تین اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں اور شہید اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ایف سی اور پولیس نے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب بنوں کے علاقے ہوید میں بھی دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ سرچ اینڈ ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے، جس کا مقصد علاقے کو دہشت گرد عناصر سے پاک کرکے پائیدار امن قائم کرنا ہے۔ یہ آپریشن ڈی پی او بنوں سلیم عباس کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے لیا ہے، گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے اور مشتبہ سرگرمی یا مزاحمت کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔
عوامی تحفظ کے پیشِ نظر علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک فرد یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔
