میئر کراچی مرتضیٰ وہاب: حب ڈیم کی نئی کینال 13 اگست کو افتتاح کے لیے تیار، کراچی کو ملے گا 100 ملین گیلن اضافی پانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر): میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی سپلائی بہتر بنانے کے لیے 22.8 کلومیٹر طویل نئی کینال مکمل کر لی گئی ہے، جس پر 12.8 ارب روپے کی لاگت آئی ہے اور 13 اگست کو اس کا افتتاح کیا جائے گا۔ نئی کینال سے شہر کو روزانہ 100 ملین گیلن اضافی پانی میسر آئے گا۔

اسکردو کے کچورا میں رافٹنگ کے دوران المناک حادثہ، خاتون جاں بحق، نوجوان لاپتہ

میئر کراچی نے یہ اعلان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، منیجنگ ڈائریکٹر واٹر کارپوریشن اسد اللہ خان، سٹی کونسل کے رہنما کرم اللہ وقاصی، دل محمد اور دیگر افسران موجود تھے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ مراد علی شاہ، نہ بلاول بھٹو، نہ ان کا ذاتی فائدہ ہے، بلکہ کراچی کے شہریوں کی خدمت ہے۔ ان کے مطابق شہر کو پانی کی ترسیل کے لیے آخری بڑا کام 22 سال قبل ہوا تھا جب آبادی 96 لاکھ تھی، جبکہ آج کراچی کی آبادی تقریباً تین کروڑ ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف کینجھر جھیل اور کے فور کے دعوے ہوتے رہے، لیکن ہم نے اختیارات کا رونا روئے بغیر عملی اقدام کیا۔ حب ڈیم کے پانی کو شہر تک پہنچانے کے لیے نئی کینال تعمیر کی گئی ہے، جس سے سینٹرل، کیماڑی، منگھو پیر، اورنگی، بلدیہ اور اتحاد ٹاؤن کے مکینوں کو فائدہ ہوگا۔

WhatsApp Image 2025 08 07 at 11.50.47 PM 1 WhatsApp Image 2025 08 07 at 11.50.48 PM

میئر کراچی نے بتایا کہ نئی کینال پر پانی کی ٹیسٹنگ جاری ہے، جبکہ پرانی کینال کی مرمت کا کام دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈے کے برعکس اس منصوبے میں ایک سال کی وارنٹی رکھی گئی ہے، کسی خرابی کی صورت میں کنٹریکٹر خود اس کو درست کرے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کی صنعتیں ملکی معیشت کا اہم جز ہیں، اس لیے ان کے لیے ٹریٹ شدہ پانی کا استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ میٹھے پانی کی بچت ہو اور یہ شہریوں کے لیے مختص کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر بھی کام جاری ہے اور جلد اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ ترقیاتی کام لاگت اور وقت کے اندر مکمل ہوں۔ کریم آباد انڈر پاس کو 30 ستمبر تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ شہر میں پارکنگ فیس کا مسئلہ بھی ختم کیا جا چکا ہے۔

میئر نے اس بات پر زور دیا کہ جو بھی کراچی کے لیے کام کر رہا ہے اسے سپورٹ کیا جانا چاہیے اور شہر کو اون کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کراچی سے مخلص ہے اور ہم پارٹی کے منشور کے مطابق بلا تفریق کام کر رہے ہیں۔

One thought on “میئر کراچی مرتضیٰ وہاب: حب ڈیم کی نئی کینال 13 اگست کو افتتاح کے لیے تیار، کراچی کو ملے گا 100 ملین گیلن اضافی پانی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!