کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اس سال یومِ آزادی کو صرف روایتی انداز میں نہیں بلکہ "معرکۂ حق” کے طور پر بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کراچی کی زیرِ نگرانی پیپلز چورنگی سے مزار قائد تک نکالی گئی ریلی کے اختتام پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ریلی میں مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں، طلبہ، اسکاؤٹس، این جی اوز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھامے وطن سے محبت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
سعید غنی نے کہا کہ “اس سال ہم نے بھارت کو معرکۂ حق میں ایسی شکست دی ہے جس نے پاکستان کا عالمی امیج بلند کر دیا۔ اب دنیا کی کوئی طاقت پاکستان پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ یہ فتح اللہ تعالیٰ کے کرم اور پاک فوج کی بہادری کا نتیجہ ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ یکم اگست سے 14 اگست تک صوبہ سندھ بھر میں 14 روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں صرف پیپلز پارٹی ہی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں، سماجی حلقوں، اور عام شہریوں کو بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ اس سلسلے میں مختلف طبقات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں تاکہ قومی ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ اس سال کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بڑے پیمانے پر میگا ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، جن میں آتش بازی، مشاعرے، ثقافتی شو، کھیلوں کے ٹورنامنٹس، ریلیاں، بائیک اور سائیکل ریس، حتیٰ کہ گدھا گاڑی مقابلے بھی شامل ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گھروں، دکانوں، مارکیٹوں اور گاڑیوں کو سجانے پر انعامات دیے جائیں گے اور ہر گلی کوچے کو قومی پرچموں اور روشنیوں سے روشن کیا جائے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 13 اور 14 اگست کی شب شاندار کنسرٹ اور آتش بازی کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
سعید غنی نے کہا کہ ہم جشن آزادی صرف خوشی کے طور پر نہیں بلکہ بھارت کے خلاف اپنی کامیابی اور قومی خودداری کی فتح کے طور پر منائیں گے۔ اس دوران قومی ہیروز کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی، اور شہداء کے اہل خانہ سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی۔
تقریب سے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور یومِ آزادی کو قومی وحدت کا مظہر قرار دیا۔
