کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (PPSCA) کے چیئرمین انور علی بھٹی کی زیرِ صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کراچی، سندھ، حیدرآباد سمیت تمام زونز اور ٹاؤنز کے عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کی جانب سے رجسٹرڈ اسکولوں کی ری نیوئل فیس 12 ہزار سے بڑھا کر 15 ہزار روپے اور نئے اسکولوں کی رجسٹریشن فیس 15 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کرنے کے فیصلے کی سخت مذمت کی گئی اور اسے نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ زیادتی قرار دیا گیا۔
چیئرمین انور علی بھٹی نے اس اضافے کو ’’ظالمانہ، غیر منصفانہ اور نجی اداروں کے معاشی قتل‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انرولمنٹ اور امتحانی فیسوں میں بھی اضافہ کیا گیا تو ردعمل شدید ہوگا۔
جنرل سیکریٹری عالم شیر اعوان نے کہا کہ ’’بورڈ اب صرف فیس وصول کرنے والا ادارہ بن چکا ہے، جو نہ امتحانات میں شفافیت لاتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ تمام انتظامی امور اسکول خود انجام دیتے ہیں۔‘‘
سینئر نائب صدر محمد انور نے نشاندہی کی کہ ’’مہنگائی کے اس دور میں والدین اور اسکولز مزید مالی بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں۔‘‘
ترجمان اور سیکریٹری اطلاعات امجد انصاری کا کہنا تھا کہ ’’جب سہولیات صفر ہوں اور شفافیت کا نام و نشان نہ ہو، تو فیسوں میں اضافہ تعلیم دشمنی کے مترادف ہے۔‘‘
صدر کراچی فرید احمد نے خبردار کیا کہ ’’کراچی کے تعلیمی ادارے پہلے ہی پالیسیوں کے تضاد اور انتظامی مشکلات کا شکار ہیں، بورڈ کا حالیہ اقدام حالات کو مزید خراب کرے گا۔‘‘
PPSCA کے مطالبات درج ذیل ہیں:
-
ری نیوئل فیس کو فوری طور پر 12 ہزار یا زیادہ سے زیادہ 12,500 روپے پر واپس لایا جائے۔
-
نئے اسکولز کی رجسٹریشن فیس 25 ہزار روپے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
-
آئندہ کسی بھی فیس میں اضافہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر نہ کیا جائے۔
-
امتحانی یا دیگر فیسوں میں یکطرفہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
احتجاجی اعلان:
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو کراچی بھر میں پرامن احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس میں ہزاروں طلبہ، والدین اور اساتذہ شرکت کریں گے۔ بورڈ دفاتر کے باہر دھرنے دیے جائیں گے اور احتجاج کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ ساتھ ہی قانونی اور میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔
PPSCA نے تمام تعلیمی اتحادوں، اساتذہ تنظیموں اور والدین کی نمائندہ انجمنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تعلیم کی عزت و بقاء کی اس تحریک میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔
