کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس قادری ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں کراچی کی تمام ڈسٹرکٹس کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کراچی ڈویژن کے صدر محمد جواد قادری نے کی، جبکہ جنرل سیکریٹری شہباز رضا قادری، انفارمیشن سیکریٹری عمران قادری، کراچی رابطہ کمیٹی کے ارکان طاہر قادری اور سلیم رضا بھی شریک تھے۔
نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے پر شدید ردعمل، PPSCA کا احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان
اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی، اور نوجوانوں کی کردار سازی سمیت جشنِ آزادی کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر کراچی ڈویژن محمد جواد قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان سنی تحریک یکم اگست سے 14 اگست تک کراچی بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات بھرپور اور شایانِ شان انداز میں منائے گی۔
انہوں نے کہا کہ "اس بار جشنِ آزادی کا لطف ہی الگ ہوگا، کیونکہ پوری پاکستانی قوم اور پاک افواج نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ قیامت تک نہیں بھولے گا۔”
جنرل سیکریٹری شہباز رضا قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’پاکستان کا ہر بچہ ملک کی عزت و وقار کے لیے جان نچھاور کرنے کو تیار ہے۔‘‘ انہوں نے دشمنانِ وطن کو خبردار کیا کہ پاکستانی قوم اور افواج ایسی سخت جواب دیتی ہیں جو تاریخ میں یاد رہتے ہیں۔
انفارمیشن سیکریٹری عمران قادری، رابطہ کمیٹی کے ارکان طاہر قادری اور سلیم رضا نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ دشمن نے پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کی، جس کی اسے بھاری قیمت چکانی پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی اور وقار کے لیے سب کو متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔
اجلاس کے اختتام پر جشنِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات کے سلسلے میں مختلف ذمہ داران کو اہداف اور ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔
