اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اقدامِ قتل، بھتے اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب چار خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی محمد شعیب میمن کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے چار پستول، گولیاں اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔
محرم الحرام میں شاندار سیکیورٹی انتظامات، وزیر داخلہ سندھ کی سندھ پولیس اور رینجرز کو شاباش
کارروائیاں گلستان جوہر، سہراب گوٹھ، گلشن اقبال اور ناظم آباد کے علاقوں میں عمل میں آئیں۔ گرفتار ملزمان میں وہ بھتہ خور بھی شامل ہے جس کا تعلق ایک گروہ سے ہے جو سچل کے علاقے میں 27 جون کو پولیس مقابلے میں ملوث رہا۔ اس گروہ نے پھلوں کے بیوپاری سے ایک کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کیا تھا۔
ایس ایس پی شعیب میمن کے مطابق، پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم خلیل الرحمان عرف فضل کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ دوسرا مرکزی ملزم موسیٰ فرار ہو گیا تھا۔ تاہم SIU نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزم موسیٰ کو بھی گرفتار کر لیا۔
علاوہ ازیں الفلاح تھانے میں درج بھتے کے ایک مقدمے میں ملوث ملزم امجد کو بھی دھر لیا گیا، جس نے مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے پر تاجر کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
ایس آئی یو نے دو اسٹریٹ کرمنلز، نوشاد اور طلحہ کو بھی گرفتار کیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش میں 50 سے زائد ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان پوش علاقوں میں کار سوار فیملیز اور دفاتر سے نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث تھے۔
ایس ایس پی شعیب میمن کے مطابق، گرفتار ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں اقدامِ قتل، بھتہ، دھمکی، لوٹ مار اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات درج ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

