کراچی – سابق گورنر سندھ اور "میری پہچان پاکستان” (ایم پی پی) کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ ذہنی، معلوماتی اور داخلی محاذوں پر بھی دشمن کے حملوں کا سامنا کر رہا ہے۔ بھارت براہِ راست جنگ کے بجائے پراکسی عناصر، جھوٹی خبروں اور داخلی انتشار کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عید الاضحی کی تیاری: وزیر داخلہ محسن نقوی کا بکرا منڈی کا دورہ، سہولیات کی فراہمی کے احکامات
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت خواتین نے شرکت کی۔ شرکاء میں ڈاکٹرز، وکلاء، میڈیا پرسنز، ایڈمنز، ٹیچرز اور یوتھ براڈکاسٹرز شامل تھیں۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ باہمت اور متحد قوم، بالخصوص ہماری خواتین، کسی بھی تحریک کی پہلی صف میں ہوتی ہیں۔ ایم پی پی میں خواتین کی بھرپور شمولیت ہماری سوچ اور ویژن کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی باصلاحیت خواتین پر فخر ہے، جو مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جنگ جیتنے کے باوجود آج بھی دشمن کی سازشوں کا سامنا کر رہے ہیں، جیسے بلوچستان میں بچوں کی وین پر حالیہ حملہ، جو کھلی بھارتی جارحیت ہے۔ انہوں نے دشمن کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "ہم نفرت کا جواب محبت، سچائی اور اتحاد سے دیتے ہیں۔”
ڈاکٹر عشرت العباد نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری فوج نہ صرف بارڈر پر محافظ ہے بلکہ ہر قدرتی آفت، سانحے اور بحران میں سب سے پہلے مدد کو پہنچتی ہے۔ ہم ان کی اخلاقی بنیاد ہیں، ان پر فخر کرتے ہیں اور ان کی عزت کرتے ہیں۔”
انہوں نے خواتین کو پارٹی کی "بیک بون” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم پی پی کے پیغام کو کراچی سے خیبر تک پہنچا دیا گیا ہے۔ اب وقت ہے کہ "میری پہچان پاکستان” کے ویژن کو مزید آگے بڑھایا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر انہوں نے خواتین کی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور جلد ایک بڑے خواتین اجتماع کے انعقاد کا اعلان کیا۔
