کراچی: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ بلال عباس قادری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کے فروغ کے لیے کوشاں رہا ہے، مگر عالمی امن کو سب سے بڑا خطرہ اسرائیل اور بھارت سے لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم و بربریت کر رہا ہے، اور انسانی حقوق کی تنظیمیں جیسے اقوام متحدہ اور او آئی سی اس ظلم کے سامنے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ عالمی طاقتیں بھی اسرائیل کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔
بلال عباس قادری نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور دنیا اب اچھی طرح جان چکی ہے کہ کون مظلوم ہے اور کون ظالم۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر پیچھے سے وار کرنے اور اندرونی معاملات میں مداخلت کی کوششوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارت نے اپنی ہی کشتی ڈوبائی ہے کیونکہ بھارتی عوام بھی حکومت کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر ناراض ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان سے جنگ کی کوشش کی مگر منہ کی کھائی۔ اسلام مخالف قوتیں سمجھتی تھیں کہ پاکستان کمزور ہے مگر انہیں ایسا جواب ملا کہ وہ اسے زندگی بھر یاد رکھیں گے۔ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی طاقتور ترین افواج میں شمار ہوتی ہیں اور دشمن کو سمجھ لینا چاہیے کہ اگر وہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرے گا تو اسے دنیا کے کسی کونے میں بھی پناہ نہیں ملے گی۔
آخر میں بلال عباس قادری نے اسلام مخالف عناصر کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی ہر کوشش کو بہت بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
