کراچی: عالمی یوم آزادی صحافت اور کراچی ایڈیٹرز کلب (KEC) کی سالگرہ کے موقع پر اقراء یونیورسٹی، ای ڈی سی مین کیمپس میں "میڈیا جسٹس” کے موضوع پر ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام اقراء یونیورسٹی کے شعبہ میڈیا سائنسز اور KEC کے باہمی اشتراک سے کیا گیا، جس میں ممتاز صحافیوں، قانونی ماہرین، اساتذہ، طلباء اور میڈیا سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کراچی میں بھارتی جارحیت کے خلاف نوجوانوں کا افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی
یہ ایک روزہ سیمینار میڈیا، انصاف، قانون، جھوٹی خبروں، اور ڈیجیٹل میڈیا جیسے اہم موضوعات پر بامقصد گفتگو کے لیے ترتیب دیا گیا تھا، جس کا مقصد پاکستان میں آزادی صحافت اور اخلاقی صحافت کے فروغ پر روشنی ڈالنا تھا۔
تقریب کا آغاز محترمہ تزئین ہما کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جنہوں نے سیمینار کی نظامت انتہائی مہارت اور پیشہ ورانہ انداز میں کی۔ تلاوتِ قرآن پاک اور قومی ترانے کے بعد افتتاحی خطابات پروفیسر محمد راشد اکبر (سربراہ شعبہ میڈیا اسٹڈیز) اور مبشر میر (صدر KEC) نے پیش کیے۔
پروفیسر راشد اکبر نے صحافتی اخلاقیات، جواب دہی اور قانونی ماحول پر گفتگو کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ مبشر میر نے کہا کہ آزادی صحافت کا مطلب صرف بولنے کا حق نہیں، بلکہ سچائی کو ذمہ داری کے ساتھ پیش کرنا ہے۔
سیمینار میں پانچ پینلز منعقد کیے گئے، جن میں مختلف اہم موضوعات زیرِ بحث آئے:
پینل 1 – میڈیا اور عدلیہ:
زیرِ صدارت: جسٹس (ر) ندیم اختر, ماڈریٹر: ثناء ہاشمی, پینلسٹ: بیرسٹر شاہدہ جمیل، ضیاء اعوان، سینیٹر نہال ہاشمی, موضوع: عدالتی کارروائیوں میں میڈیا کا کردار
پینل 2 – ڈیجیٹل میڈیا:
ماڈریٹر: ثناء ہاشمی, پینلسٹ: نزاکت علی، سید خالد محمود، سیدہ حور شمائل, موضوع: انفلوئنسرز، بلاگنگ اور ڈیجیٹل رپورٹنگ کے اثرات
پینل 3 – میڈیا قوانین اور اخلاقیات:
زیرِ صدارت: جسٹس (ر) ندیم اختر, ماڈریٹر: مبشر میر, پینلسٹ: مختار بٹ، یاسین آزاد، بیرسٹر شاہدہ جمیل ,موضوع: قانونی و اخلاقی چیلنجز اور میڈیا پر دباؤ
پینل 4 – جھوٹی خبریں:
ماڈریٹر: اقبال جمیل, پینلسٹ: منور مرزا، نوید ارشد، امتیاز خان فاران, موضوع: فیک نیوز اور عوامی اعتماد کی بحالی
پینل 5 – میڈیا اور تنازعات:
زیرِ صدارت: ارم تنویر, ماڈریٹر: منظر نقوی, پینلسٹ: ڈاکٹر ثمرین عامر، ڈاکٹر سدرہ احمد ,موضوع: تنازعات کے دوران میڈیا کا عوامی رائے پر اثر
اختتام پر تزئین ہما نے میڈیا جسٹس کے فروغ میں ادارہ جاتی کردار کو سراہا، جب کہ منظر نقوی اور پروفیسر ڈاکٹر انجم بانو نے شکریہ کے کلمات پیش کیے۔ آخر میں KEC کی سالگرہ کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ اس سیمینار کو شرکاء نے آزادی صحافت اور میڈیا اخلاقیات کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
