کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 29 کروڑ روپے کے بین الاقوامی فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم لیاقت علی چھجڑا کو ملتان سے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت علی انٹرنیشنل فراڈی گروہ کا اہم رکن ہے، جب کہ اس کا بھائی امجد علی اور بھتیجا فیصل رضا بیرون ملک سے آن لائن فراڈ میں ملوث ہیں۔
اقراء یونیورسٹی میں “میڈیا جسٹس” سیمینار، آزادی صحافت کے دن پر صحافت، قانون اور اخلاقیات پر مکالمہ
یہ فراڈ معروف کاروباری شخصیت حافظ عبدالبر کی کمپنی "لائیڈ انٹرنیشنل” کے ساتھ کیا گیا، جس کی ایف آئی آر عبدالبر کی مدعیت میں درج کی گئی۔ کمپنی پاکستان اور امریکہ میں بیک وقت کام کرتی ہے اور فوڈ سپلائی کے لیے 29 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ فراڈیوں نے جعلی کمپنیوں ایم ایس الیسر، ایم ایس فیڈرلٹی فارفٹنگ اور ایک فرضی قطری شیخ کے نام پر معاہدہ کیا، جب کہ دبئی، اومان، سعودی عرب اور دیگر ممالک میں بھی جعلی کمپنیاں رجسٹرڈ کروائی گئی تھیں۔
ملزمان کی بین الاقوامی سرگرمیوں میں ان کے پاکستان میں موجود شراکت دار بھی شامل ہیں، جو مبینہ طور پر ہنڈی کے ذریعے لین دین کرتے ہیں۔ گرفتار ملزم لیاقت علی ملک میں مالی امور سنبھالتا تھا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر شہزاد حیدر کی ہدایت پر انسپکٹر احمد خان میرانی نے ملتان میں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے لیاقت علی کو حراست میں لیا۔ عدالت نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے دیگر ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت جاری کی۔
مدعی حافظ عبدالبر کے مطابق، یہ فراڈ 2023 میں ہوا، اور ایک ملین ڈالر سے زائد کی ڈیل میں ان کی کمپنی کے ساتھ ساتھ دیگر کمپنیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مختلف ایجنسیاں تحقیقات کر رہی ہیں، جب کہ وہ 50 سے زائد مقدمات میں مفرور ہیں۔
عبدالبر نے وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرپول کے ذریعے بیرون ممالک میں موجود امجد علی اور اس کے بیٹے فیصل رضا کو گرفتار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فراڈی گروہ اربوں روپے کے فراڈ میں ملوث ہے اور انہیں مبینہ طور پر سیاسی پشت پناہی بھی حاصل ہے، جو کہ نہایت تشویشناک امر ہے۔