بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کراچی کے نوجوان سڑکوں پر نکل آئے۔ ارضِ وطن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پہلا عوامی احتجاج شہرِ قائد میں منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔
7 سالہ شہید ارتضیٰ عباس طوری کی نمازِ جنازہ، صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کی شرکت
احتجاج کی قیادت فاؤنڈیشن کے صدر علی منصور، جنرل سیکریٹری سید محمد عروج، اور سینیئر نائب صدر یاسر جمیل نے کی۔ مظاہرین نے پاکستان کے جھنڈے لہراتے ہوئے "افواجِ پاکستان زندہ باد” اور "مودی مردہ باد” کے نعرے لگائے۔
صدر علی منصور نے خطاب کرتے ہوئے کہا:
"پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، دشمن کان کھول کر سن لے، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔”
جنرل سیکریٹری سید محمد عروج کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ نائب صدر یاسر جمیل نے نوجوانوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ "یہ اتحاد دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گا۔”
مظاہرین نے پُرامن احتجاج کرتے ہوئے بھرپور انداز میں اپنی مسلح افواج سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ارضِ وطن فاؤنڈیشن کے مطابق قوم کا ہر فرد اپنے محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔
