کراچی (تشکر نیوز) — اے وی سی سی، سی آئی اے پولیس اور سی پی ایل سی کی مشترکہ کامیاب کارروائی کے نتیجے میں 90 لاکھ روپے تاوان کے لیے اغوا کیا گیا اقراء یونیورسٹی کا طالبعلم غیور عباس بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ دو اغواکار بھی گرفتار کر لیے گئے۔
کورنگی کو منشیات سے پاک کرنے کا عزم، مہران ٹاؤن میں خاتون منشیات فروش گرفتار
تفصیلات کے مطابق، مورخہ 20 اپریل 2025 کو 21 سالہ غیور عباس ولد مرید عباس اقراء یونیورسٹی جانے کے لیے گھر سے روانہ ہوا، لیکن بلوچ کالونی تھانے کی حدود سے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ اغواکاروں نے رہائی کے بدلے 90 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
اس واقعے کا مقدمہ نمبر 155/2025 بجرم دفعہ 365A/34 کے تحت تھانہ بلوچ کالونی میں درج ہوا، جس کی تفتیش اے وی سی سی/سی آئی اے کے سپرد کر دی گئی۔ ایس ایس پی اے وی سی سی کراچی کی ہدایت پر ڈی ایس پی آپریشن اور ایس ایچ او اے وی سی سی کی سربراہی میں CPLC کے تعاون سے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
پولیس اور CPLC کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر قیوم آباد کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا اور اغوا میں ملوث دو افراد منیر سولنگی ولد اللہ ورایو اور آفتاب سولنگی ولد غلام نبی کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔ مغوی غیور عباس کو ابتدائی تفتیش کے بعد اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔
غیور عباس اور اس کے اہل خانہ نے ایس ایس پی اے وی سی سی، ان کی ٹیم اور CPLC کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
