بنگلہ دیشی اعلیٰ سطحی وفد کی کراچی آمد: سندھ کے توانائی منصوبوں پر بریفنگ، تھر کول میں گہری دلچسپی کا اظہار

کراچی (بدھ، 6 مئی 2026): بنگلہ دیش کے سینئر سول سروس افسران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سندھ کا دورہ کرتے ہوئے کراچی میں محکمہ توانائی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کے بڑے توانائی منصوبوں، خصوصاً تھر کول پراجیکٹ پر جامع بریفنگ دی گئی۔

لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا، اعلیٰ سول و عسکری قیادت کی شرکت

محکمہ توانائی سندھ کے سیکریٹری شہاب قمر انصاری نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں سندھ کے توانائی شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، قابلِ تجدید توانائی کے اقدامات، اور تیل و گیس کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

دورے کا اہتمام National Institute of Public Administration Karachi (نیپا کراچی) اور سول سروسز اکیڈمی لاہور کے ایگزیکٹو پروگرام کے تحت کیا گیا تھا، جس کا مقصد علاقائی سطح پر انتظامی تجربات اور توانائی کے شعبے میں علم کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

بریفنگ کے دوران سیکریٹری توانائی نے بتایا کہ تھر کول پاکستان کی توانائی سیکیورٹی کے لیے ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے، جہاں اندازاً 175 ارب ٹن کوئلے کے ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول بلاک I اور II سے نیشنل گرڈ کو ہزاروں میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

وفد کو تھر کے علاقے میں جاری انفراسٹرکچر منصوبوں، سڑکوں، ریلوے لنکس اور پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی تفصیلی آگاہی دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ سماجی ترقی کے پروگرامز جیسے روزگار کے مواقع، خواتین کی معاشی بااختیاری اور تعلیم کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

بنگلہ دیشی وفد نے سندھ کے توانائی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں توانائی کے شعبے میں تعاون اور تکنیکی معلومات کے تبادلے سے خطے کی ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔

حکام کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان انتظامی تعاون، توانائی کے شعبے میں روابط اور پالیسی سطح پر تجربات کے تبادلے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

One thought on “بنگلہ دیشی اعلیٰ سطحی وفد کی کراچی آمد: سندھ کے توانائی منصوبوں پر بریفنگ، تھر کول میں گہری دلچسپی کا اظہار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!