کراچی () – ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی، ناردرن بائی پاس مویشی منڈی میں 2025 کی قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ اب تک منڈی میں لائے گئے جانوروں کی تعداد 2200 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ شہریوں کی دلچسپی میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
خریداروں نے جانوروں کا بھاؤ تاؤ شروع کر دیا ہے اور کئی سودے بھی طے پا چکے ہیں۔ ہالانی، سندھ سے آئے بیوپاری حسن نے بتایا کہ وہ 15 جانور لے کر آیا ہے جن میں سے تین فروخت ہو چکے ہیں۔ گڈاپ کے بیوپاری نے بھی ایک جانور فروخت ہونے کی تصدیق کی جبکہ سفیان نامی بیوپاری 24 جانور لے کر منڈی پہنچ چکا ہے۔
سہراب گوٹھ کے بیوپاری نصیب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کے 15 جانور منڈی میں موجود ہیں جن کا وزن 3 سے 7 من کے درمیان ہے، جن میں سے ایک جانور فروخت ہو چکا ہے۔
پنجاب کے علاقے ملتان اور گوجرہ سے آنے والے بیوپاری سیف 65 جانور لے کر کراچی پہنچے ہیں، جن میں 4 من سے 12 من تک وزنی جانور شامل ہیں۔ ادھر میمن گوٹھ سے تعلق رکھنے والے بیوپاری ساجد بھی 38 جانور لے کر منڈی میں موجود ہیں۔
ایوب گوٹھ کے بیوپاری شانی نے بھی 55 دلکش قربانی کے جانور منڈی میں پیش کیے ہیں جو خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
مویشی منڈی میں خریداروں کا رش بڑھنے لگا ہے، اور بیوپاریوں کو امید ہے کہ رواں برس منڈی میں خرید و فروخت کا رجحان ماضی کی نسبت زیادہ ہوگا۔

