برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی، جس میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں، سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں، عوامی فلاحی منصوبوں اور برطانیہ کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صحت، تعلیم، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ جیسے اہم شعبوں میں بڑے پیمانے پر کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی بار حکومت سندھ نے ماحول دوست الیکٹرک بسیں متعارف کروائی ہیں جو شہریوں کو جدید اور صاف سفری سہولت فراہم کرتی ہیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے الیکٹرک بائیکس منصوبہ بھی منظور ہو چکا ہے جس کے تحت نوکری پیشہ خواتین اور طالبات کو مفت ای وی بائیکس دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ برطانوی سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
صوبے میں صحت کے شعبے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی اور سائبر نائف جیسے ادارے عالمی معیار کی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت 21 لاکھ سیلاب متاثرین کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو محفوظ رہائش دی جا سکے۔
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر نے سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ عوامی فلاح کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں مستقبل میں شراکت داری بڑھانے کی امید بھی ظاہر کی۔
ملاقات میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن بھی شریک تھے جبکہ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے معزز مہمانوں کو سندھی ثقافت کی پہچان اجرک اور ٹوپی کے تحائف پیش کیے۔
