نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ قبرستانوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سینٹیشن کے چیئرمین عمران شفیق، اسٹینڈنگ کمیٹی برائے تعلیم کے چیئرمین عمران فقیر، XEN ایم این ای ندیم حیدر، XEN بی اینڈ آر اشتیاق حسین، اور دیگر اہم افسران بھی موجود تھے۔
جامعہ این ای ڈی میں “مسئلہ کشمیر میں درپیش چیلنجز” کے عنوان سے سیمینار
چیئرمین محمد یوسف نے قبرستانوں میں صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ماہِ شعبان کے آغاز کے ساتھ ہی نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ نے تمام قبرستانوں میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کیا ہے۔ شب برات کے موقع پر زائرین کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خودرو جھاڑیوں کی کٹائی، روشنی کے مناسب انتظامات اور راستوں کی مرمت کا کام شب برات سے قبل مکمل کر لیا جائے گا تاکہ زائرین کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
محمد یوسف نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے قبرستانوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا ہے، جہاں جرائم پیشہ افراد زائرین کو لوٹتے ہیں۔ انہوں نے مرتضیٰ وہاب سے اپیل کی کہ قبرستانوں کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
بعد ازاں چیئرمین اور وائس چیئرمین نے نارتھ کراچی کے سیکٹر 4 اور 5C کا دورہ کیا اور سیوریج کے مسائل کا جائزہ لیا۔ چیئرمین نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت دی کہ SSGC لائنوں کی وجہ سے متاثر ہونے والی سیوریج لائنوں کی فوری مرمت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ خراب سیوریج نظام کی وجہ سے سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس سے نمازی حضرات اور مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تمام مین ہولز پر فوری رنگ اور ڈھکن لگانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے تاکہ کسی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔
