کراچی: خواتین وکلاء کے مسائل پر اہم سیمینار، وزیر داخلہ سندھ کی مؤثر اقدامات کی یقین دہانی

کراچی، 17 فروری 2026: صوبائی محتسب سندھ کے زیرِ اہتمام خواتین وکلاء کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ایسٹ زون میں جرائم کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی، رمضان سیکیورٹی پلان کی تیاری کی ہدایت

سیمینار کی میزبانی صوبائی محتسب سندھ جسٹس (ر) شاہنواز طارق نے کی۔ تقریب میں کام کی جگہ پر خواتین وکلاء کو درپیش ہراسانی، امتیازی سلوک اور پیشہ ورانہ رکاوٹوں پر تفصیلی بحث کی گئی اور مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کے تحفظ اور مساوی حقوق کی علمبردار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں اور خواتین کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، جبکہ آصفہ بھٹو زرداری بھی نوجوان نسل کے لیے مثال ہیں اور انہوں نے قومی اسمبلی میں خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کانفرنس میں پیش کی جانے والی تجاویز اور فیصلوں کو پالیسی سازی کے فورم پر زیر غور لایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی اور سندھ بار کونسل میں خواتین کی نشستوں کو مخصوص کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر حکومتی ادارے میں خواتین ڈیسک قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ ہراسانی اور امتیازی سلوک جیسے مسائل کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔

اس موقع پر جسٹس (ر) شاہنواز طارق نے کہا کہ اس نوعیت کے سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے اور خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین بھی مساوات اور انصاف کا درس دیتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر خواتین وکلاء کے تحفظ اور پیشہ ورانہ ماحول کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

58 / 100 SEO Score

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!