راولپنڈی: باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج کو ہلاک کر دیا، تاہم دھماکے میں 11 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ واقعہ 16 فروری کو ضلع باجوڑ میں پیش آیا، جب فتنہ الخوارج نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، جس میں 12 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آور چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ دھماکے کے دوران حملہ آوروں نے دھماکا خیز گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔
دھماکے سے نزدیکی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جس میں ایک لڑکی شہید اور 7 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جن کے لیے فوری امدادی کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں مزید خوارج کی تلاش اور ان کی گرفتاری کے لیے سکیورٹی آپریشن جاری ہے۔
