کوئٹہ — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان کے دورے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی مالی معاونت کا اعلان کیا۔ وہ کوئٹہ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے سیکیورٹی اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس خصوصی پیکج کا اعلان کیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی سے داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے وفد کی ملاقات، پولیس و کمیونٹی تعاون پر تبادلہ خیال
وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبائی کابینہ اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا جذبہ اور پاکستان سے وابستگی قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز کے مقابلے میں حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون کرے گی، اور دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ہی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ بلوچستان کو فتنہ نہیں بلکہ فتنہ الخوارج کا سامنا ہے، اور اس کے خلاف کارروائیوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وسائل اور خدمات بلوچستان کے لیے حاضر ہیں اور دعا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہو۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مریم نواز شریف کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح کے لیے متحد ہیں۔
