وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ ہر شہری کو احتجاج، جلسے اور جلوس نکالنے کا آئینی حق حاصل ہے، تاہم آزادیِ اظہارِ رائے کی آڑ میں سڑکیں بند کرنے اور عوام کو تکلیف پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
Thursday, 5th February 2026
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ احتجاج کے لیے شہر میں متعدد مقامات مخصوص ہیں، لیکن مرکزی شاہراہوں اور اہم سڑکوں پر احتجاج کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ضرور کیا جائے، مگر اس انداز میں کہ عام شہریوں کی زندگی متاثر نہ ہو اور ٹریفک نظام درہم برہم نہ ہو۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت عوام کے آئینی حقوق کا مکمل احترام کرتی ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کی سہولت، امن و امان اور معمولاتِ زندگی کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
دریں اثنا، یومِ کشمیر کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کی جدوجہد کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان ہر سطح پر ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
