کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے شبِ برات کے موقع پر صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے تمام اضلاع کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور درگاہوں پر خصوصی سیکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ مذہبی اجتماعات، محافلِ شبِ برات اور کھلے مقامات پر اضافی نفری کی تعیناتی اور موبائل گشت میں نمایاں اضافے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے ہدایت دی کہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر اسنیپ چیکنگ، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے، جبکہ مزارات اور درگاہوں پر آنے والے زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے الگ اور جامع منصوبہ ترتیب دیا جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کھلے میدانوں اور قبرستانوں میں ہونے والی عبادات کے دوران بھی مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ عوام مذہبی فرائض پرامن ماحول میں ادا کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس، سندھ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مکمل رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول رومز شبِ برات کے دوران 24 گھنٹے فعال رکھے جائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری ردعمل اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت دی گئی کہ مذہبی مقامات اور بڑے اجتماعات کے اطراف ٹریفک مینجمنٹ پلان مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے۔
ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ شخص یا شے کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں، جبکہ اس عزم کا اعادہ کیا کہ شبِ برات کے موقع پر پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
