کراچی: ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مختلف علاقوں، یوسی آفسز اور قطر اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کی جانب سے انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی ویسٹ نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران، جوانوں، لیڈی پولیس اہلکاروں اور پولیو ورکرز کو سیکیورٹی سے متعلق ضروری ہدایات اور بریفنگ بھی دی۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے خود بھی عملی طور پر پولیو مہم میں حصہ لیتے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ آنے والی نسل کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انسدادِ پولیو مہم کے دوران ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 1100 سے زائد پولیس افسران، جوان اور لیڈیز پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں، جو پولیو ٹیموں کی حفاظت کو ہر ممکن طور پر یقینی بنا رہے ہیں۔
ایس ایس پی ویسٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کی جانب سے عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ پولیو جیسی مہلک بیماری کے خاتمے کے قومی مشن کو کامیاب بنایا جا سکے۔
(ترجمان ایس ایس پی، ڈسٹرکٹ ویسٹ)

