کراچی میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا تقریباً دو گھنٹے طویل دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز پر جاری عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیرداخلہ نے بیرونِ ممالک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی اور امیگریشن پراسیس سے متعلق ان سے براہِ راست معلومات حاصل کیں۔
گلبرگ پولیس کا اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ، ایک زخمی، دو گرفتار — اسلحہ برآمد
دورے کے دوران محسن نقوی نے سعودی عرب جانے والے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات خود چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے ان کی تصدیق بھی کرائی۔ اس موقع پر چند مسافر سوالات کے درست جواب دینے سے قاصر رہے اور ملازمت سے متعلق بھی تسلی بخش معلومات فراہم نہ کر سکے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے نامکمل دستاویزات رکھنے والے تین مسافروں کو سفر سے روکنے پر ایف آئی اے کے اے ایس آئی عامر لاشاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ انہوں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایسے باصلاحیت اور ذمہ دار ایف آئی اے ملازمین ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو کسی صورت بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کو بھی ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی عزت و وقار سب سے زیادہ عزیز ہے اور اس پر کسی صورت حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ درست اور مکمل دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو نہ روکا گیا ہے اور نہ روکا جائے گا، کیونکہ پاکستان کے وقار کو بلند رکھنا اور مسافروں کے لیے سہولیات پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی بھی موجود تھے۔
