انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 66.44 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، امیگریشن عمل کا تفصیلی جائزہ
تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیاں:
اے این ایف نے گلوٹیاں موڑ، سیالکوٹ کے قریب کارروائی کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس اور 600 گرام افیون برآمد کی۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
دیگر اہم کارروائیاں:
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر مرد اور خاتون کے پیٹ سے 678 گرام وزنی 83 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔
ہزار گنجی کوئٹہ میں ایک گاڑی سے 23 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
وزیر آباد روڈ سیالکوٹ میں موٹر سائیکل سوار ملزم سے 21.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
سپر ہائی وے M9 کراچی کے قریب ملزم کے قبضے سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
رِنگ روڈ پشاور کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
بند روڈ لاہور کے قریب ایک ایم پی تھری پلیئر سے 168 گرام وزنی 293 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کا انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ منشیات کے نیٹ ورکس اور سہولت کاروں تک پہنچنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

