وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گرو نانک ایکسپریس وے کی تعمیر کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت کرتارپور اور ننکانہ صاحب کو موٹرویز کے قومی نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔
ٹرمپ انتظامیہ ایران پر ممکنہ حملے پر غوراں، رائٹرز کا دعویٰ
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے سیالکوٹ سے کرتارپور موٹروے کی تعمیر فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت جاری کی اور اعلان کیا کہ اس نئی موٹروے کو “گرو نانک ایکسپریس وے” کا نام دیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ موٹروے نہ صرف یاتریوں بلکہ دیگر منسلک شہروں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگی، جبکہ نارنگ منڈی اور بدو ملہی کے شہری بھی اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرو نانک ایکسپریس وے کے اطراف تھری، فور اور فائیو اسٹار ہوٹلز تعمیر کیے جائیں گے، جس سے یاتریوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم ہوں گی اور سکھ کمیونٹی کو سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق سکھوں کے مقدس مقامات کی عالمی سطح پر مارکیٹنگ کی جائے گی، جبکہ لندن، کینیڈا اور امریکا میں سکھ کمیونٹی کی سرمایہ کاری کے لیے تشہیری مہم چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ عالمی سطح پر روڈ شوز کے انعقاد کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
عبدالعلیم خان نے ننکانہ صاحب اور کرتارپور منصوبے کو ایک “گیم چینجر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ مذہبی سیاحت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
