چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے اور جدید ٹیکنالوجی مستقبل کی جنگی حکمت عملی میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے جدت، مقامی تیاری اور مطابقت پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ ایران پر ممکنہ حملے پر غوراں، رائٹرز کا دعویٰ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب اور آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا افتتاح کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ بعد ازاں فیلڈ مارشل نے خیرپور ٹامیوالی میں فیلڈ مشق اسٹیڈ فاسٹ ریزولو کا مشاہدہ کیا، جہاں ڈرونز، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید کمانڈ سسٹمز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال اور معاون جنگی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بہاولپور گیریژن پہنچنے پر آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
