کراچی (اسٹاف رپورٹر) – ایس ایس پی ضلع کیماڑی امجد احمد شیخ کا وژن ایک محفوظ، پُرامن اور جرائم سے پاک معاشرے کی تشکیل ہے جہاں ہر شہری بلا خوف اپنی زندگی گزار سکے۔ وہ قانون کی بلاامتیاز عملداری، پولیسنگ کے جدید طریقوں اور عوامی شراکت کو اپنی حکمتِ عملی کا بنیادی ستون سمجھتے ہیں۔
چارج سنبھالتے ہی ایس ایس پی امجد احمد شیخ نے تمام تھانیداروں کو واضح احکامات جاری کیے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں تاکہ جرائم کا خاتمہ ممکن ہو اور عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کا مکمل خاتمہ صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔
ضلع کیماڑی میں منشیات، اسلحہ اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران کیماڑی پولیس نے 950 ملزمان کو گرفتار کیا، 23 پولیس مقابلوں میں 13 ڈاکو مارے گئے اور 18 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 105 پستول بمعہ گولیاں، مسروقہ موٹر سائیکلیں اور چھینے گئے موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔
منشیات کے خلاف مہم کے دوران 200 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں، جن میں چرس، آئس، ویڈ، ہیروئین پاؤڈر، کرسٹال اور 300 سے زائد غیر ملکی شراب کی بوتلیں شامل ہیں۔ مضر صحت گٹکا ماوا کے خلاف کارروائیوں میں ڈیڑھ ٹن سے زائد گٹکا ماوا ضبط کیا گیا، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔
ایس ایس پی امجد احمد شیخ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے، پولیس فورس کی تربیت بہتر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ ضلع کیماڑی کو ایک مثالی اور محفوظ ضلع بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
عوامی حلقوں کی جانب سے کیماڑی پولیس کی اس شاندار کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جرائم کے خلاف کارروائیاں اسی جذبے اور عزم کے ساتھ مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
