کراچی: کیماڑی ڈاکس پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو یرغمال بنا کر گھروں میں ڈکیتی کرنے والے چار رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان گروہ کے سرغنہ سمیت دیگر ساتھی بھی حراست میں ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گروہ گھروں میں ڈکیتی کے دوران خواتین، بزرگ اور بچوں کو رسیوں سے باندھ کر یرغمال بناتا تھا۔ دسمبر 2025 میں مدینہ چوک پر ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران گروہ نے دو تولہ طلائی زیورات، دو موبائل فون اور نقدی لوٹی تھی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت مصطفیٰ، یاسین، ابوبکر اور عبد الرحمٰن کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزم مصطفیٰ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی سامنے آئی تھی۔ گروہ کے زیر استعمال اسلحہ دو پستول، چھینے ہوئے موبائل فون، طلائی زیورات اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہیں۔
ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ان سے درجنوں گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں اور لوٹ مار کا انکشاف ہوا۔ یاسین پر تھانہ ڈاکس میں شہری سے لوٹ مار کا مقدمہ درج ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید ایک اور مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

