کراچی کے ڈسٹرکٹ سٹی میں رات گئے کھارادر پولیس نے دورانِ پیٹرولنگ لیاری گینگ وار کے کارندوں کے ساتھ مقابلہ کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں جمیل چھانگا گروپ سے تعلق رکھنے والا بھتہ خور ہلاک ہو گیا۔
ڈسٹرکٹ سٹی میں پولیس مقابلہ، بھتہ خوری اور فائرنگ میں ملوث لیاری گینگ وار کا کارندہ ہلاک
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے جمیل چھانگا گروپ کے بھتہ خور نیٹ ورک سے تھا۔ مقابلے کے بعد ملزم کے قبضے سے بھتہ کی پرچی، ایک موبائل فون اور ایک پستول بمعہ راؤنڈز برآمد کیے گئے۔ ہلاک ملزم کی شناخت شاہزیب کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق سات روز قبل جیلانی سینٹر کے ایک تاجر کو بھتہ طلب کرنے کا پیغام موصول ہوا تھا اور ملزم اسی مقصد کے تحت تاجر کو بھتہ کی پرچی دینے آ رہا تھا۔ مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے دو ماہ قبل کھارادر میں زیر تعمیر عمارت کے بلڈر کو بھی بھتہ کی پرچی دی تھی اور شدید فائرنگ کے دوران مزدوروں کو زخمی کر کے فرار ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کچھ ماہ قبل کھارادر کے علاقے میں وال چاکنگ اور فائرنگ کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا۔ ہلاک ملزم بھتہ خوری اور فائرنگ کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔ پولیس مقابلہ تھانہ کھارادر کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کا سابقہ کریمنل ریکارڈ انتہائی سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات پر مشتمل ہے، جن میں بھتہ خوری، ڈکیتی، اسلحہ رکھنے اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات شامل ہیں۔ برآمد شدہ موبائل فون کا فارنزک تجزیہ بھی کروایا جا رہا ہے۔
دریں اثنا ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

