کراچی کے ڈسٹرکٹ سٹی میں رات گئے پولیس مقابلے کے دوران بھتہ خوری اور فائرنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ ملزم ہلاک ہو گیا۔ واقعہ کھارادر تھانے کی حدود میں دورانِ پیٹرولنگ پیش آیا، جہاں پولیس کا لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے کارندوں سے سامنا ہوا۔
سولجر بازار پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیتی مزاحمت پر خاتون اور مرد کو زخمی کرنے والے ملزمان گرفتار
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں لیاری گینگ وار جمیل چھانگا گروپ سے تعلق رکھنے والا بھتہ خور ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت شاہزیب کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے بھتہ کی پرچی، ایک موبائل فون اور ایک پستول بمعہ راؤنڈز برآمد کر لیے۔
پولیس کے مطابق سات روز قبل جیلانی سینٹر کے ایک تاجر کو بھتہ طلب کرنے کا پیغام موصول ہوا تھا اور ملزم اسی سلسلے میں بھتہ کی پرچی دینے جا رہا تھا۔ مزید انکشاف ہوا کہ ملزم نے دو ماہ قبل کھارادر میں زیر تعمیر عمارت کے بلڈر کو بھتہ کی پرچی دی تھی اور شدید فائرنگ کے دوران مزدوروں کو زخمی کر کے فرار ہو گیا تھا۔ ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کھارادر کے علاقے میں وال چاکنگ اور فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہا۔
ہلاک ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ انتہائی سنگین نوعیت کے مقدمات پر مشتمل ہے، جن میں بھتہ خوری، ڈکیتی، اسلحہ رکھنے اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج متعدد مقدمات شامل ہیں۔
دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے پولیس کارروائی پر ایس ایس پی سٹی اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم کے خلاف پولیس کی کارکردگی عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کی سرزمین پر بھتہ خوروں، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ گروہوں کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ نے جرائم پیشہ عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ایسے عناصر کے مکمل خاتمے تک تعاقب جاری رکھے گی، جبکہ کریک ڈاؤن، چھاپوں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
