گھوٹکی: انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ضلع گھوٹکی کا دورہ کیا۔ ایس ایس پی آفس گھوٹکی آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
آئی جی سندھ کا ڈی آئی جی سکھر آفس کا دورہ، امن و امان پر جائزہ اجلاس، کچہ اور پکا علاقوں میں جرائم کے خاتمے کا عزم
آئی جی سندھ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے جائزے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر ولاڑکانہ، ایس ایس پیز گھوٹکی، سکھر، خیرپور اور کشمور، اسپیشل برانچ سکھر کے افسران سمیت دیگر سینئر پولیس حکام نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز نے گھوٹکی، سکھر، خیرپور اور کشمور بالخصوص کچہ ایریاز میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، جاری پولیس آپریشنز اور جرائم کے انسداد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں کچہ کے علاقوں میں پولیس کی موجودگی، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی جی سندھ نے امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور جرائم کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
