بیجنگ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی چین کی وزارت پبلک سیکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں چینی وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ نے وفد کے ہمراہ ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ساڑھے تین گھنٹے طویل اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی اور داخلی سلامتی سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی جی سندھ کا ضلع گھوٹکی کا دورہ، یادگارِ شہداء پر حاضری، کچہ ایریاز میں امن و امان پر بریفنگ
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام، سائبر کرائمز کی روک تھام اور باہمی مفادات کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس ہر تین ماہ بعد منعقد کرنے جبکہ وزرائے داخلہ کی سطح پر سالانہ ملاقات کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا۔
چینی وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ نے پاکستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین ان کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
دونوں وزرائے داخلہ نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف مشترکہ اور فوری ردعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے اور اے آئی بیسڈ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں اور مشترکہ منصوبوں کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر سطح پر مؤثر سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں چینی شہریوں کے لیے خصوصی پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے جبکہ نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے چینی تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
ملاقات میں اسلام آباد اور بیجنگ کو سسٹر سٹیز بنانے سمیت پولیس و سیکیورٹی اداروں کے مابین تجربات اور معلومات کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور صدر آصف علی زرداری و وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
چینی وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ستمبر میں چین میں ہونے والے گلوبل سیکیورٹی تعاون فورم میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان اور چین اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں اور دوطرفہ تعاون کو ہر سطح پر مزید وسعت دی جائے گی۔
ملاقات کے اختتام پر چینی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سیکیورٹی و سفارتی حکام نے شرکت کی۔
