کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 اور ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔ ٹریفک ہیلپ لائن 1915 سینٹرل پولیس آفس کراچی جبکہ ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کا دفتر آرٹلری میدان میں قائم کیا گیا ہے۔
ضلع کرک میں پولیس کا بڑا آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ٹریفک و ٹریننگ، ایس ایس پیز ٹریفک ساؤتھ، اے وی ایل سی، پی ڈی آئی ٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے ٹریفک ہیلپ لائن اور ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ آفس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ ٹریفک ہیلپ لائن 1915 کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے اپنے ای چالان سے متعلق تمام معلومات باآسانی حاصل کر سکیں گے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ دفاتر اور ڈیجیٹل نظام ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای چالان کے آغاز کے بعد سہولت سینٹرز شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
آئی جی سندھ کے مطابق ٹریفک ہیلپ لائن 1915 شہریوں کو فوری رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے ایک جدید سہولت ہے جو ٹریفک پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک ہیلپ لائن 1915 کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ جدید خطوط پر استوار ہیلپ لائنز عوامی خدمت کے نظام کو مضبوط بناتی ہیں، جبکہ ٹریفک نظم و ضبط، رہنمائی اور شہری سہولت سندھ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

