کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری مہم کے تحت ضلع جنوبی کے علاقے کلفٹن میں ایک عمارت کی چھت پر قائم غیر قانونی پینٹ ہاؤس کے خلاف انہدامی کارروائی شروع کر دی۔
کراچی میں آپریشن غضب الحق پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کی ریلی
تفصیلات کے مطابق کارروائی پلاٹ نمبر 11/10، بلاک 09، اسکیم 02، کلفٹن میں واقع ایک عمارت پر کی گئی۔ حکام کے مطابق اس عمارت کی منظور شدہ تعمیر گراؤنڈ پلس آٹھ منزلہ (Ground + 8 Floors) تھی، تاہم بلڈنگ کے اوپر نویں فلور پر غیر قانونی طور پر پینٹ ہاؤس تعمیر کرلیا گیا تھا جو بلڈنگ بائی لاز کی واضح خلاف ورزی تھی۔
ایس بی سی اے کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر غیر قانونی تعمیر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نویں منزل پر قائم پینٹ ہاؤس کو مسمار کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ اس دوران غیر قانونی تعمیر میں استعمال ہونے والے ستونوں (کالمز) کو بھی کاٹا جا رہا ہے تاکہ اضافی تعمیر کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور محفوظ تعمیراتی نظام کو یقینی بنانے کے لیے بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر ہو کر تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
