کراچی، 12 مارچ 2026: حکومت سندھ نے توانائی کے ممکنہ بحران اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے کفایت شعاری اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سرکاری گاڑیوں اور افسران کو فراہم کیے جانے والے ایندھن میں کمی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ کی کارروائی، 513.5 کلوگرام اسمگل شدہ چاندی برآمد
کمیٹی نے ہدایت کی کہ سرکاری محکموں اور بلدیاتی اداروں کی گاڑیوں میں 50 فیصد ایندھن کمی کی جائے جبکہ سرکاری گاڑیوں کا 60 فیصد حصہ فوری طور پر گراؤنڈ کیا جائے۔ اس فیصلے سے آپریشنل وہیکلز، پولیس موبائلز، ایمبولنسز، فائر برگیڈ اور دیگر ضروری گاڑیاں مستثنیٰ رہیں گی۔ سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے) کو گراؤنڈ کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
گراؤنڈ ہونے والی گاڑیوں کے نمبرز اور تفصیلات جمع کرنے کے لیے باضابطہ پروفارما تیار کیا جائے گا اور اگر کوئی محکمہ ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا تو متعلقہ گاڑی کو تحویل میں لیا جا سکے گا۔ مانیٹرنگ کمیٹی گراؤنڈ ہونے والی گاڑیوں کی مکمل فہرست مرتب کرے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کرے گی۔
اجلاس میں سرکاری دفاتر کے شیڈول میں تبدیلی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے: دفاتر ہفتے میں چار دن کھلیں گے جبکہ جمعہ کو ورک فرام ہوم ہوگا۔ اسکولوں کو 16 مارچ سے 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔
کمیٹی اجلاس میں توانائی کے مؤثر استعمال، سرکاری اخراجات میں کمی، عوامی خدمات کی فراہمی کو متاثر کیے بغیر وسائل کے بہتر انتظام اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت سندھ عوامی خدمات متاثر ہوئے بغیر وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنا رہی ہے اور تمام محکموں کو سختی سے ہدایات پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف توانائی کے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال اور مالی بچت کے لیے بھی اہم ہیں، جبکہ پروجیکٹ وہیکلز اور دیگر اہم گاڑیوں کی چھان بین اور ریکوری کے لیے بھی طریقہ کار مرتب کیا جائے گا۔
