ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اور مستعد کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دیں۔
پاکستان اور روس کے درمیان تیل کی تلاش، پیداوار اور ریفائننگ پر بات چیت جاری ہے، وزیر خزانہ
اے ایس ایف کے مطابق پہلی کارروائی 15 دسمبر 2025 کو عمل میں آئی، جب جدہ جانے والی فلائی جناح کی پرواز 9P-586 کے دو مسافروں کے سامان کو مشکوک قرار دیا گیا۔ اے ایس ایف اسکرینر کی بروقت نشاندہی پر سامان کی تفصیلی جانچ کی گئی، جس کے دوران ایک بیگ سے منشیات میں بھگوئے گئے بغیر سلے کپڑے برآمد ہوئے۔ وزن کرنے پر ان کپڑوں کا مجموعی وزن 14.908 کلوگرام پایا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد مسافروں کو ضبط شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی 16 دسمبر 2025 کو دوحہ جانے والی قطر ایئرویز کی پرواز کے ایک مسافر کے خلاف کی گئی۔ اے ایس ایف اہلکاروں کو مسافر کے پہنے ہوئے جوتے مشکوک محسوس ہوئے، جس پر سکیننگ اور دستی تلاشی کے دوران نہایت مہارت سے چھپائے گئے آئس منشیات کے 27 کیپسول برآمد کیے گئے۔ برآمد شدہ منشیات کا مجموعی وزن 258 گرام تھا۔
برآمدگی کے فوری بعد مسافر کو اے ایس ایف کنٹرول روم منتقل کیا گیا، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک معاون شخص کو بھی ٹریس کر کے حراست میں لے لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں منشیات اسمگلنگ کے ایک منظم نیٹ ورک سے روابط کا انکشاف ہوا۔ بعد ازاں مسافر اور اس کے ساتھی کو ضبط شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔
اے ایس ایف حکام کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں تاکہ ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

