پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقوں ضلع سینٹرل اور سٹی ساؤتھ سے بھتہ خوری میں ملوث جمیل چھانگا اور صمد کاٹھیاواڑی گروپ سے تعلق رکھنے والے سات ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پاکستان اور روس کے درمیان تیل کی تلاش، پیداوار اور ریفائننگ پر بات چیت جاری ہے، وزیر خزانہ
گرفتار ملزمان میں پرویز عرف پوا، اصغر علی، شکیل احمد عرف کامریڈ، فیضان عرف لمبو اور محمد زبیر عرف چھوٹو شامل ہیں، جنہیں زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا، جبکہ محمد صابر اور محمد عمر عرف افشانی بلوچ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان بھتہ مافیا کے سرغنہ جمیل چھانگا، اسامہ جمیل اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی کی ہدایات پر مختلف فیکٹری مالکان، دکانداروں، بلڈرز کے زیرِ تعمیر منصوبوں اور ریسٹورنٹس کو بھتہ پرچیاں دیتے تھے۔ بھتہ نہ دینے کی صورت میں فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلانا ان کا معمول تھا۔
ملزمان نے اکتوبر 2025 میں ناظم آباد میں واقع جدہ باربی کیو فاسٹ فوڈ شاپ پر بھتہ نہ دینے کے باعث فائرنگ کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ بھتہ سے وصول کی گئی رقم غیر قانونی ذرائع کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم سرغنہ جمیل چھانگا، صمد کاٹھیاواڑی اور اسامہ جمیل تک پہنچائی جاتی تھی۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں بھتہ خوری اور اقدامِ قتل کی متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
