کراچی: نیو کراچی ٹاؤن میں بغیر ڈھکن کے مین ہولز پر فوری طور پر ڈھکن لگانے کی خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کی نگرانی چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف خود کر رہے ہیں۔ 12 دسمبر 2025 کو شروع کی گئی اس مہم کے دوران چیئرمین اپنی ٹیم، افسران اور عملے کے ہمراہ روزانہ مختلف علاقوں کے دورے کر رہے ہیں اور کھلے مین ہولز کی نشاندہی کے بعد فوری طور پر ڈھکن لگانے کے احکامات جاری کر رہے ہیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خصوصاً معصوم بچوں کی جانوں کا معاملہ ہو تو کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ گلشنِ اقبال ٹاؤن میں تین سالہ بچے کی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس نے ہر حساس دل کو غمزدہ کیا ہے۔
انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ادارہ اپنی بنیادی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا جبکہ کھلے مین ہولز شہریوں کی جانوں کو مستقل خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھ سکتے، اپنے ٹاؤن کے وسائل استعمال کر کے عوام اور بچوں کو تحفظ فراہم کریں گے۔”
چیئرمین محمد یوسف نے شہر کے بلدیاتی ڈھانچے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں کھلے مین ہول کسی صورت قابلِ برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی بلدیاتی ادارے فعال کردار ادا کریں تو ٹاؤنز پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
عوامی حلقوں نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کے اس فوری اور عملی اقدام کو خوب سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ مہم شہر کے دیگر بلدیاتی اداروں کے لیے بھی مثال بنے گی۔
