ناظم آباد (اسٹاف رپورٹر): ناظم آباد میں جناح پولی ٹیکنیک کے ساتھ بینک الفلاح والی گلی، جو پاپوش نگر اور قبرستان تک جاتی ہے، شدید انکروچمنٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گلی اور قبرستان جانے والا مرکزی راستہ ٹھیلے، پتھاروں اور غیر قانونی تجاوزات کی وجہ سے تنگ ہو چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
امریکہ 686 ملین ڈالر سے پاکستان کے ایف 16 طیارے جدید بنانے میں مدد کرے گا
مقامی لوگوں نے بتایا کہ پاپوش قبرستان کے مرکزی دروازے کے سامنے کچرے کے بڑے ڈھیر موجود ہیں، جس سے نہ صرف ماحول آلودہ ہوا ہے بلکہ زائرین کو بھی تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث مین گیٹ کے آس پاس صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔
علاقہ میں ٹریفک بھی شدید متاثر ہے، خصوصاً بنارس کی جانب سے آنے والا ٹریفک عبداللہ کالج کی طرف بڑھتا ہے، جہاں غیر قانونی طور پر رونگ سائیڈ ٹریفک کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پنکچر والوں کے ڈیرے اور پتھاروں کی بھرمار نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے۔
شہریوں نے ناظم آباد ٹاؤن انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد اور ڈی آئی جی ٹریفک سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی عدم توجہی کے باعث مرکزی شاہراہوں پر کچرے کے ڈھیر جمع ہیں جنہیں فوری صاف کیا جائے۔
شہریوں نے کمشنر کراچی اور میئر کراچی سے اپیل کی کہ وہ فوری احکامات جاری کر کے ناظم آباد اور پاپوش قبرستان جانے والے راستوں کو انکروچمنٹ سے پاک کریں اور ٹریفک نظام کو بہتر بنائیں۔
