کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر آفس ضلع وسطی میں 15 دسمبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم نے کی۔ اجلاس میں ضلع کے پانچوں ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز، فوکل پرسن ظہیر احمد، ڈی ایچ او ڈاکٹر فرقان، ڈی ڈی پی او ڈاکٹر ایاز، ڈاکٹر انیل، ڈی ای او ایجوکیشن عدیل انصاری، میڈم راحیلہ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ایئرپورٹ پولیس کی بڑی کارروائی: اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم لاریب انور گرفتار
اجلاس کو بتایا گیا کہ 15 سے 21 دسمبر تک جاری رہنے والی اس مہم میں مجموعی طور پر 1727 پولیو ٹیمیں حصہ لیں گی، جو ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں تقریباً تین لاکھ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسین پلائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم نے والدین، اساتذہ اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ورکرز سے تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو لازمی ویکسی نیشن کروائیں، تاکہ ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔
ڈی سی وسطی نے متعلقہ محکموں کو پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی، نگرانی اور سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت دی، جبکہ پولیو ورکرز کے لیے ٹرانسپورٹ اور کھانے کے انتظامات بروقت مکمل کرنے کی تاکید بھی کی۔
انہوں نے پانچوں ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنے علاقوں میں پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ اور مسائل کے فوری حل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہم کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے باہمی رابطہ مضبوط رکھیں۔

