سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر خواتین کے لیے ای وی اسکوٹیز کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کا فوری آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سینئر وزیر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کراچی کی شاہراہیں وہیل چیئر فرینڈلی بنانے کا منصوبہ کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار سرگرم
اجلاس میں صوبے بھر میں جاری اور آئندہ شروع ہونے والے ٹرانسپورٹ و मोबیلیٹی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پنک اسکوٹیز اسکیم کے تحت بڑی تعداد میں خواتین کو جدید، ماحول دوست اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے نہ صرف آمد و رفت میں آسانی ہوگی بلکہ خواتین کی خودمختاری میں بھی اضافہ ہوگا۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ نئی الیکٹرک بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں اور انہیں جلد شہر کے مختلف روٹس پر چلایا جائے گا۔ مزید برآں، خیرپور، شکارپور اور حیدرآباد کے چار نئے روٹس کا سروے مکمل ہو چکا ہے، جن پر جلد بسیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام نئے روٹس رواں ماہ فعال کر دیے جائیں گے تاکہ ان اضلاع کے شہری بھی جدید ٹرانسپورٹ سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ شرجیل میمن نے مزید ہدایت کی کہ کراچی کی مرکزی شاہراہوں پر مزید ڈبل ڈیکر بسیں شامل کی جائیں تاکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جدید، ماحول دوست اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ای وی بسیں، ای وی اسکوٹیز، ڈبل ڈیکر بسیں اور ای وی ٹیکسی سروس سندھ خصوصاً کراچی کو نئے دور میں داخل کریں گی۔
سینئر وزیر نے ہدایت دی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے کیونکہ یہ براہ راست عوامی سہولت سے جڑے ہوئے ہیں۔
