سندھ اسمبلی نے موٹروے کو عالمی معیار پر لانے کی قرارداد مسترد کر دی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے ایم کیو ایم کے رکن عامر صدیقی کی جانب سے پیش کی گئی وہ قرارداد مسترد کر دی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ موٹر وے ایم نائن سمیت وفاق کے زیرِ انتظام شاہراہوں کو عالمی معیار کے مطابق تعمیر و بحال کیا جائے۔

کراچی پولیس چیف اور کاٹی وفد کی ملاقات، صنعتی علاقوں کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اجلاس میں عامر صدیقی نے کہا کہ موٹر وے ایم نائن کی حالت ابتر ہوچکی ہے اور معمولی مرمت کے بجائے مکمل بحالی ناگزیر ہے تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ وفاق کا ہے، "عامر صاحب یہ قرارداد یہاں لانے کے بجائے اپنے وفاقی وزرا کو دیں، دکھاوے کے لیے ایسی قراردادیں نہ لائیں۔” ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں این ایچ اے کی ناقص کارکردگی کے باعث شاہراہوں کی تباہ حالی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، "کئی راستے اس قدر خراب ہیں کہ اپنے گاؤں تک جانا مشکل ہوگیا ہے۔”

انہوں نے ٹول پلازوں کی خراب صورتحال اور سہولیات کے فقدان پر بھی سخت تنقید کی، جبکہ موٹر وے پولیس کی غیر موجودگی کو عوام کے لیے بڑا مسئلہ قرار دیا۔

پیپلز پارٹی کے ارکان نے بھی قرارداد کی مخالفت کی۔ غلام قادر چانڈیو نے کہا کہ "ہم گھاس کھا لیں گے مگر سندھ کے عوام کو محروم نہیں ہونے دیں گے۔” امداد پتافی نے این ایچ اے کو نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد سے سیہون روڈ آج تک مکمل نہیں ہوا، جبکہ ٹول ٹیکس میں اضافے کے باوجود سڑکوں کی حالت بدترین ہے۔

ایوان میں بحث کے بعد سندھ اسمبلی نے موٹروے کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی قرارداد کثرتِ رائے سے مسترد کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!