واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ کشیدگی اور تصادم کے بجائے بہتر اور مضبوط تعلقات قائم کرنا امریکا کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا۔
امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین کے تعلقات بتدریج بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں روابط مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے عالمی استحکام اور معاشی ترقی کو فروغ مل سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں کے درمیان تصادم کسی کے مفاد میں نہیں، اس لیے بہتر سفارتی اور اقتصادی تعلقات ہی خطے اور عالمی امن کے لیے سود مند ہیں۔
ایران سے متعلق ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ فوجی لحاظ سے ایران تقریباً کمزور ہو چکا ہے، جبکہ چین اس وقت ایران اور وینزویلا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا عالمی حالات و واقعات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ چین کا اہم دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ متوقع ملاقات میں تجارت، ٹیکنالوجی، علاقائی سلامتی اور ایران جنگ سمیت اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ دورہ امریکا اور چین کے درمیان حالیہ سفارتی کشیدگی میں کمی اور تعلقات میں نئی پیش رفت کا سبب بن سکتا ہے۔
