اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے 54ویں ہنگور ڈے کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 54 سال قبل پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ککری (INS KHUKRI) کو غرق اور آئی این ایس کرپان (INS KIRPAN) کو ناکارہ بنا کر تاریخ رقم کی۔ یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد کسی جنگی جہاز کے خلاف آبدوز کا پہلا کامیاب معرکہ تھا اور جدید تاریخ میں کسی روایتی آبدوز کی واحد فتح کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔
سندھ میں “فیس لیس ای ٹکٹنگ” کا دائرہ کار وسیع، پہلے مرحلے میں 7 اضلاع میں نفاذ کا فیصلہ
ایڈمرل نوید اشرف نے مزید کہا کہ یہ کارنامہ نہ صرف ایک تزویراتی فتح تھا بلکہ پاک بحریہ کے عزم اور اپنی سمندری حدود کے دفاع کے لیے اسٹریٹجک مظاہرہ بھی تھا۔ ہنگور کے عملے کی شجاعت، استقامت اور پیشہ ورانہ مہارت آج بھی ہماری بحری تاریخ میں فخر کا باعث ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس موقع پر کہا کہ پاک بحریہ اپنی زیرِ آب جارحانہ صلاحیتوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور چین کے ساتھ جاری آبدوزوں کے حصول کا پروگرام اس وژن کا عملی مظاہرہ ہے۔ آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کی شمولیت پاک بحریہ کی جارحانہ قوت کو مزید تقویت دے گی اور اسے آپریشنل لچک فراہم کرے گی۔
انہوں نے شہداء پی این ایس/ایم غازی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ہمیشہ ان کی قربانیوں اور پی این ایس/ایم ہنگور کے مثالی کارنامے سے حوصلہ حاصل کرے گی۔ آخر میں انہوں نے سب میرین سروس کی مستقبل کی کاوشوں کی کامیابی کے لیے دعا کی اور کہا، "اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین۔”
