مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد سے علامہ آصف مصطفائی کی سربراہی میں اہلسنت کے وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں قومی یکجہتی اور فرقہ واریت کے خاتمے میں علمائے کرام کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ناظم آباد پولیس کی کارروائی، کیٹیگری اے منشیات فروش گرفتار
چیئرمین آفاق احمد نے وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان اس وقت بیرونی دباؤ اور اندرونی چیلنجز دونوں کا سامنا کر رہا ہے، ایسے میں مذہبی رہنماؤں کا کردار محض مذہبی نہیں بلکہ قومی استحکام کی بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قوم نظریاتی طور پر کمزور ہو اور معاشرہ انتشار کا شکار ہو جائے تو علمائے کرام کی آواز ہی وہ واحد طاقت ہے جو لوگوں کے دلوں میں امید پیدا کر سکتی ہے۔
آفاق احمد نے کہا کہ معاشرتی بے چینی کے اصل اسباب کو سمجھنا وقت کی ضرورت ہے اور یہ کام صرف وعظ و نصیحت سے نہیں بلکہ عملی حکمت عملی کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے بیانیہ تشکیل دینا اور علماء، دانشوروں اور سماجی رہنماؤں کو یکجا ہو کر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
چیئرمین نے نوجوان نسل کی ذہنی دباؤ، غیر یقینی اور مایوسی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں رہنمائی، کردار سازی اور فکری سمت دینے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرہ دوبارہ اعتدال کی طرف لوٹ سکے، اور اس میں علمائے کرام اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
علماء کے وفد نے ملاقات میں آفاق احمد کی فکر، بصیرت اور قومی معاملات میں مخلصانہ مؤقف کی مکمل تائید کی اور کہا کہ مذہبی غلط فہمیاں اور فرقہ وارانہ رجحانات ختم کرنے کے لیے وہ اپنی کاوشیں مزید تیز کریں گے اور نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔
ملاقات میں یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کے درمیان رابطے بڑھائے جائیں تاکہ قومی وحدت اور دینی ہم آہنگی کو مضبوط بنیادیں ملیں۔ وفد نے چیئرمین آفاق احمد کے ساتھ مستقبل میں بھی قریبی رابطہ رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
