کراچی: شہر بھر میں روڈ سائیڈ ہوٹلوں، چائے خانوں اور تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر تمام ڈپٹی کمشنرز نے مختلف سب ڈویژنز میں تجاوزات ختم کرنے کی مہم تیز کر دی ہے۔
آفاق احمد کا 27ویں آئینی ترمیم پر سخت تنقیدی ردعمل، اسے جمہوریت کا قتل قرار دے دیا
ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی ابرار جعفر کے مطابق سب ڈویژن گلشن اقبال میں ماموں کباب ہاس، توکلبریانی، آغا ہوٹل، کوئٹہ چراغ ہوٹل اور المسلم پیلا ہوٹل کو سیل کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو نے سب ڈویژن شاہ فیصل میں فٹ پاتھ پر قائم چائے خانوں کو ہٹایا اور مالکان کو خبردار کیا کہ دوبارہ تجاوزات قائم کی جائیں تو سخت کارروائی، جرمانہ اور گرفتاری عمل میں آئے گی۔ شاہ فیصل کالونی نمبر تین میں ٹھیلے اور کیبنز بھی ہٹا دیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر کیماڑی راجہ طارق چانڈیو کے مطابق نورس چورنگی کی گرین بیلٹ پر قائم 8 کیبنز اور 6 پش کارٹس ہٹا دیے گئے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ملیر سمیع شیخ نے فلک ناز سے ناتھا خان گوٹھ تک چائے خانوں، ٹھیلوں اور کیبنز کی صفائی کی۔
رپورٹ کے مطابق صدر میں میسفیلڈ سٹریٹ اور ڈاکٹر داد پوتہ روڈ پر تجاوزات کی نگرانی کے لیے ٹریفک پولیس اور وار ٹاؤن کا خصوصی عملہ متعین کیا گیا ہے۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور فٹ پاتھوں پر پیدل چلنے والوں کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ شہری علاقوں میں ٹریفک دباو کم ہو اور شہری زندگی کے معیار میں بہتری آئے۔
